پاکستان اور امریکہ کے درمیان ٹیرف ڈیل کو قطعیت

   

واشنگٹن، 14 اکتوبر(یو این آئی) پاکستان اور امریکہ کے مابین تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات کی کامیابی کے بعد ٹیرف ڈیل طے پا گئی۔ اس حوالے سے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے معاون امریکی وزیرخزانہ رابرٹ کپروتھ سے ملاقات کی جس میں ورچوئل اثاثوں کی ریگولیشن سے متعلق قانون سازی پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں تیل، گیس، معدنیات، زراعت و آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں امریکی حکام سے مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملاقات کو خوش آئند قرار دیا۔ بعد ازاں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداران سے ملاقات کی ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے میکرو اکنامک اعشاریے بہتر ہو رہے ہیں، نجی شعبے کو معیشت میں قیادت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے ، ترجیحی شعبہ جات میں گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ اور بی ٹو بی روابط بڑھائیں گے ۔ اس کے علاوہ وزیر خزانہ نے سٹی بینک کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ پاکستان مالیاتی خدمات میں جدت کی طرف بڑھ رہا ہے ، اصلاحات سے پاکستان کے معاشی اعشاریوں میں استحکام نظر آرہا ہے ۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایف سی کے وی پی ریکارڈو پلیٹی سے ملاقات کی، آئی ایف سی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کو سراہا گیا۔ دونوں شخصیات نے ریکوڈک منصوبے کی جلد فنانشل کلوزنگ پر اتفاق کیا ریکارڈو پلیٹی نے اسلام آباد میں آئی ایف سی ریجنل آفس کے قیام کا خیر مقدم کیا۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی انہوں نے ایم-6 موٹر وے کی فنانسنگ پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پولیو کے خاتمے اور آئل فنانسنگ میں تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان کے لیے نیا کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک بنانے پر اتفاق کیا گیا۔