پاکستان اور امریکی وزرائے خارجہ کی علاقائی امور پر گفتگو

   

اسلام آباد ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے امریکی ہم منصب مائیک پومپو کے درمیان فون پر رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و سلامتی کی صورتِ حال اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان کے دفترِ خارجہ کی طرف سے پیر کی شب جاری ایک بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان فون پر رابطہ شاہ محمود قریشی کے دورہ برطانیہ کے دوران پیر کو ہوا۔بیان کے مطابق دورانِ گفتگو پاکستان کے وزیرِ خارجہ نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف وضع کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت اور ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے متعلق امریکی وزیرِ خارجہ کو آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے اپنے امریکی ہم منصب کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے تجویز کردہ ایکشن پلان کے تحت کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔دفترِ خارجہ کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے مائیک پومپیو سے گفتگو میں پاکستان میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی وسائل کی روک تھام کے لیے وضع کیے گئے ریگولیٹری میکینزم کا بھی ذکر کیا۔