اسلام آباد : وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدہ ہوجانے کا اعلان کر دیا،معاہدے کے تحت پاکستان کو ایک ارب 17 کروڑ ڈالر ملیں گے۔وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹر پر آئی ایم ایف کا اعلامیہ شیئر کیا ہے۔وفاقی وزیر نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے کرنے کے لیے کاوشوں پر وزیرِ اعظم شہباز شریف، ساتھی وزراء ، سیکریٹریز اور فنانس ڈویڑن کا شکریہ ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ معاہدے سے متعلق آئی ایم ایف کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو طلب و رسد پر مبنی ایکسچینج ریٹ کا تسلسل برقرار رکھنا ہو گا، اس کے ساتھ مستعد مانیٹری پالیسی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا ہو گی۔آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی مہنگائی اور اہم فیصلوں میں تاخیر سے پاکستان کے زرِمبادلہ کے ذخائر کم ہوئے، زائد طلب کے سبب معیشت اتنی تیز تر ہوئی کہ بیرونی ادائیگیوں میں بڑا خسارہ ہوا۔