تہران، 29 مئی (یو این آئی)پاکستانی وزارت داخلہ نے چہارشنبہ کے روز اعلان کیا کہ پاکستان اور ایران نے محرم اور اربعین کے دوران اپنی مشترکہ سرحد کو 24 گھنٹے کھلی رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ مفاہمت تہران میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن رضا نقوی اور ان کے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پائی، وزارت کے مطابق مذاکرات کا محور خاص طور پر زائرین کی آمد و رفت اور ان کی فلاح و بہبود تھا۔سرکاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کہا کہ ایرانی حکومت مشہد میں 5 ہزار پاکستانی زائرین کے لیے قیام و طعام کی سہولت فراہم کرے گی، انہوں نے مزید کہا کہ ایران زائرین کے لیے سرحد سے عراق تک خصوصی انتظامات بھی کرے گا اور زائرین کی خدمت کو ‘مذہبی فریضہ’ سمجھتا ہے ۔دونوں ممالک نے زائرین کے مسائل کو فوری حل کرنے کے لیے ایک ہاٹ لائن قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا، اربعین سے قبل مشہد میں پاکستان، ایران اور عراق کی وزارت داخلہ کا سہ فریقی اجلاس بلایا جائے گا جس میں پاکستانی زائرین سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔وزرا نے زائرین کی سلامتی اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق کیا، زائرین کو سمندری راستے سے ایران اور عراق بھیجنے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔