پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کے بعدمثبت پیغامات کا تبادلہ

   

اسلام آباد ؍ تہران: پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کے بعد مثبت پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان مثبت پیغامات کے تبادلے کی تصدیق کی۔پاکستان کے ایڈیشنل سکریٹری خارجہ رحیم حیات قریشی نے ایرانی ہم منصب سید رسول موسوی کو جواب دیا کہ آپ کے جذبات کا جواب دیتا ہوں پیارے بھائی رسول موسوی۔ایڈیشنل سکریٹری خارجہ نے ایرانی سفارتکار سے کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات ہیں، مثبت بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے آگے بڑھیں گے، دہشت گردی سمیت ہمارے مشترکہ چیلنجز کیلئے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے۔ایرانی سفارتکار نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنما اور اعلیٰ حکام جانتے ہیں حالیہ تناؤ کا فائدہ دشمنوں اور دہشت گردوں کو ہو گا، آج مسلم دنیا کا اہم مسئلہ غزہ میں صیہونیوں کے جرائم بند کرنا ہے۔