انقرہ: پاکستان اور ترکیہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی حمایت کا اعادہ کیا ہے جب کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردغان سے ملاقات کی ہے ۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انقرہ کے سرکاری دورہ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے 1967 سے قبل کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔اردغان نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے پختہ موقف کی تعریف کی۔رپورٹ میں ان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان ان ممالک میں سے ایک تھا جس نے غزہ میں نسل کشی پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی پر بھی زور دیا۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردغان کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر منگل کو ترکیہ پہنچے تھے ۔ڈان نیوز کے مطابق انقرہ ایئرپورٹ پر ترک وزیر دفاع نے شہبازشریف کا استقبال کیا تھا، جبکہ اس موقع پر ڈپٹی گورنر، پاک ترک کلچرل ایسوسی ایشن اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔
10سالہ جاپانی بچے کے
قاتل کو پھانسی
بیجنگ: چین نے گزشتہ سال ستمبر میں 10 سالہ جاپانی بچے کو چاقو کے وار سے قتل کرنے والے شخص کو پھانسی دے دی۔مجرم نے بچے کو چین کے جنوب مشرقی شہر شینزن میں ایک جاپانی اسکول جاتے ہوئے راستے میں قتل کیا تھا، بچے کا والد جاپانی شہری جبکہ ماں چینی شہری تھی۔بچے کے قتل کا واقعہ گزشتہ سال ستمبرمیں پیش آیا تھاجس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوگیا تھا۔