پاکستان اور سعودی عرب کاآئی ٹی میں تعاون کے فروغ پر اتفاق

   

اسلام آباد؍ ریاض: سرکاری میڈیا نے بتایا کہ پاکستان کی وزیر برائے آئی ٹی شازہ فاطمہ خواجہ اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے جمعرات کو دونوں ممالک کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون موجود ہے۔ پاکستان نے فروری 2024 میں 257 ملین ڈالر کی ماہانہ آئی ٹی برآمدات ریکارڈ کیں جو گذشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ تھیں۔درجنوں پاکستانی آئی ٹی فرمز نے چار تا سات مارچ ریاض میں ہونے والی ایل ای اے پی ٹیک نمائش میں اپنے اختراعی خیالات اور مصنوعات پیش کیں جس سے انہیں سعودی کمپنیوں کے ساتھ منافع بخش سودے حاصل کرنے میں مدد ملی اور پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہوا۔سرکاری ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے کہا کہ وزیر مملکت برائے آئی ٹی شازہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔وزیر نے سعودی عرب پر زور دیا کہ وہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ آئی ٹی فرمز کو مملکت کو ویزے کے حصول میں سہولت فراہم کرے۔