l دہشت گردی کا خاتمہ اور توانائی سیکوریٹی بات چیت کے اہم موضوعات
l پاک ۔ سعودی کانفرنس سے عمران خان اور محمد بن سلمان کا خطاب
اسلام آباد ۔ 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک مشترکہ تجارتی اجلاس کا پیر کے روز انعقاد ہوا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دورخی تعلقات کو مزید استحکام بخشا جاسکے جبکہ ایک روز قبل ہی 20 بلین ڈالرس کے سات معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے تاکہ کمزور معیشت کا سامنا کرنے والے پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے۔ سعودی ولیعہد پرنس محمد بن سلمان سعودی عرب کے وزیردفاع بھی ہیں۔ اپنے پاکستان کے پہلے دورہ پر اتوار کو یہاں پہنچے تھے جبکہ 19 فبروری کو موصوف ہندوستان کا دورہ بھی کریں گے جو ہندوستان کیلئے بھی ان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ دو روزہ دورہ کے دوران دہشت گردی کا خاتمہ اور توانائی کے شعبہ میں سیکوریٹی بات چیت کے ایجنڈہ میں نمایاں موضوعات ہوں گے۔ پاکستان کے ساتھ سعودی عرب نے 20 بلین ڈالرس کے جن معاہدات پر دستخط کئے ہیں ان کی وجہ سے پاکستان کی کمزور معیشت کو استحکام حاصل ہوگا جس کے بعد یقینی طور پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان راحت کی سانس لیں گے۔ پاکستان کے دفترخارجہ سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہیکہ جن یادداشت مفاہمتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں ان کے ذریعہ اسٹینڈرڈ اسپیفکیشن، معدنیاتی وسائل، ریفائننگ اور پٹروکیمیکلز کے شعبہ میں سرمایہ کاری، توانائی کی پیداوار، قابل تجدید توانائی کے پراجکٹس کی ترقی اور ساتھ ہی ساتھ اسپورٹس اور نوجوانوں کیلئے باہمی تعاون شامل ہیں۔ دفترخارجہ نے مزید کہا کہ ان معاہدوں پر دستخط کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی تعاون میں یقینی طور پر اضافہ ہوگا حالانکہ سرمایہ کاری سے متعلق جن دستاویزات پر دستخط کئے گئے ہیں ان کی مالیت سے متعلق کوئی انکشاف نہیں کیا گیا ہے تاہم ولیعہد محمد بن سلمان جس وقت سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے افتتاحی سیشن میں اپنی تقریر کررہے تھے، اس وقت انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ابتداء میں پاکستان میں 20 بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ کیلئے 20 بلین ڈالرس مختص کئے گئے ہیں اور انشاء اللہ ہر ماہ اور ہر سال اس رقم میں اضافہ ہی ہوتا رہے گا جو دونوں ہی ممالک کیلئے سودمند ثابت ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کو ایک اہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب بھی پاکستان کے ساتھ اپنے مستقبل کے تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ اسی موقع پر اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری مستقبل کیلئے ایک پُرجوش تبدیلی ثابت ہوگی۔ دوسری طرف پاکستانی وزیراعظم کے سیاسی مشیر عبدالرزاق داؤد نے بھی پاک۔ سعودی بزنس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ محمد بن سلمان کے دورہ سے پاکستان اور سعودی کے درمیان دورخی تعلقات کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔