پاکستان اور سنگاپور کا ورچوئل اجلاس

   

اسلام آباد۔ پاکستان اور سنگاپور میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کے ورچوئل اجلاس کا آج انعقاد ہوا۔ پاکستان کی طرف سے وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (ایشیاء۔پسیفک)عاصم افتخار احمد اور سنگاپور کی وزارت خارجہ کے ایشیاپسیفک اور جنوب مشرقی ایشیاکے ڈپٹی سیکریٹری این جی ٹیک ہین نے اپنے اپنے وفود کی نمائندگی کی۔ اجلاس میں سیاسی، معاشی، دفاعی، سلامتی، تعلیم، سائنس وٹیکنالوجی، تکنیکی تربیت، ماحولیات، ثقافت اور سیاحت سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔گزشتہ برس کے دوران باہمی اعتماد اور ہم آہنگی پر مبنی کثیرالجہتی تعلقات میں مستحکم پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں اطراف نے امن وترقی کے مشترکہ اہداف کی روشنی میں مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید بڑھانے اور مضبوط بنانے کی پختہ خواہش اور عزم کی تجدید کی۔ اطراف نے موجودہ طریقہ ہائے کار کے تحت بات چیت اور مسلسل رابطوں کے علاوہ تعلقات کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لئے اعلی سطحی دوروں کی اہمیت کی نشاندہی کی۔