پاکستان اور چین کا باہمی مفادات کے تحفظ پر اتفاق

   

Ferty9 Clinic

اسلام آباد : چین اور پاکستان نے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور خطے میں ترقی و خوش حالی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان یہ اتفاق رائے جمعے کے روز چین کے صوبے ہنان میں ‘پاک چین سٹریٹیجک ڈائیلاگ’ کے دوسرے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں سامنے آیا ہے۔پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس میں شرکت کے لیے چین پہنچے تھے۔ جہاں انہوں نے چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کے ساتھ مشترکہ طور پر پاک چین سٹریٹیجک ڈائیلاگ میں شرکت کی۔دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے مشترکہ مستقبل کی تعمیر اور علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے چین، پاکستان کے ساتھ مل کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان کے مطابق چین کے صدر شی چن پنگ نے صدر عارف علوی کے نام لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ خطے میں امن و ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے چین اور پاکستان مل کر مل کر کام کر رہے ہیں۔ صدر ژی جن پنگ کے بقول کرونا وائرس کے خلاف عالمی کوششوں سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ اس وبا کو شکست دینے کے لیے باہمی حمایت، یکجہتی اور تعاون ہی واحد راستہ تھا۔ چین کے صدر ژی جن پنگ نے پاکستانی صدر عارف علوی کے نام خط کے جواب میں مزید کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری، چین کے وسیع تر ‘ون بیلٹ اینڈ ون روڈ منصوبے’ کا ایک اہم حصہ ہے۔
ان کے بقول یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹیجک تعاون اور شراکت داری کو مزید ترقی دینے میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ چین پر پاکستانی دفترِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان او ر چین کے اعلیٰ حکام نے کرونا وائرس، دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔