پاکستان اور ہندوستان کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ

   

نئی دہلی،یکم جولائی (یواین آئی) وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے اپنے اپنے ممالک میں زیر حراست شہریوں اور ماہی گیروں کی رہائی کیلئے فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے ۔ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 2008 میں طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت ہر سال جنوری اور جولائی میں ایسے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا جاتا ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ہندوستان نے اپنی تحویل میں 382 پاکستانی قیدیوں اور 81 ماہی گیروں کے نام پاکستان کو دیے ہیں جب کہ پاکستان نے اپنی تحویل میں موجود 53 ہندوستانیوں اور 193 ماہی گیروں کے ناموں کی فہرست ہندوستان کے حوالے کر دی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہندوستان نے اپنے قیدیوں، ماہی گیروں اور ان کی کشتیوں اور پاکستان کی حراست میں لاپتہ ہندوستانی دفاعی اہلکاروں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان سے 159 ہندوستانی ماہی گیروں اور سویلین قیدیوں کی رہائی میں تیزی لانے کو بھی کہا ہے جنہوں نے اپنی سزا پوری کر لی ہے ۔ اس کے علاوہ 26 ایسے قیدی ہیں جنہیں ہندوستانی شہری سمجھا جاتا ہے ، لہٰذا حکومت نے ان قیدیوں اور ماہی گیروں کو فوری قانونی سہولیات فراہم کرنے کو کہا ہے ۔