کراچی ۔15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکائی کرکٹ حکام کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی ٹیم پاکستان بھیجیں یا بیرون ملک کھیلنے کے اخراجات اٹھائیں۔ پی سی بی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کامیاب دورے کے باوجود سری لنکائی حکام کے وطن واپسی پر بیانات سمجھ سے بالاتر ہیں۔کولمبو فون کرکے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے بتادیا کہ ہوم سیریز ملک سے باہر نہیں کھیلیں گے ۔دوسری جانب رواں ماہ بنگلہ دیش کیخلاف جونیئر اور ویمن سیریز پر بھی بدستور سوالیہ نشان برقرار ہے ۔ بنگلہ دیشی حکومت اور سکیورٹی شعبہ کی جانب سے تاحال کوئی مثبت اقدام نہیں کیا گیا۔ بی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نظام الدین کے علاوہ دیگر بنگلہ دیشی حکام اس بات کی نشاندہی کر چکے ہیں کہ پاکستان کا دورہ سکیورٹی سے مشروط ہے لیکن اس بات کا کوئی علم نہیں کہ بنگلہ دیش کا سکیورٹی وفد پاکستان کب آئے گا۔