نئی دہلی 25 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک سخت پیام میں ہندوستان اور امریکہ نے پاکستان سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین دہشت گردانہ حملوں کیلئے استعمال نہ کی جائے ۔ دونوں ممالک نے سرحد پار سے ہونے ولی دہشت گردی کی تمام اشکال میں مذمت کی ہے ۔ ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی اور صدر ٹرمپ کے مابین بات چیت کے کئی پہلووں کا احاطہ کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں قائدین نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ ممبئی دہشت گردانہ حملوں اور پٹھان کوٹ حملوں کے مرتکبین کو کیفر کردار تک پہونچائے ۔ دونوں قائدین نے تمام دہشت گرد گروپس بشمول جئیش محمد ‘ لشکرطیبہ ‘ حزب المجاہدین ‘ حقانی نیٹ ورک ‘ ڈی کمپنی ‘ القاعدہ ‘ آئی ایس آئی اور تحریک طالبان پاکستان کے خلاف بھی سخت کارروائی پر زور دیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی اور صدر ٹرمپ نے دہشت گردانہ سرگرمیوں کی اور تمام اشکال میں سرحد پار دہشت گردی کی مذمت کی ہے ۔ دونوں قائدین نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین دہشت گردانہ حملوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دے ۔ اس کے علاوہ پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ممبئی دہشت گردانہ حملوں اور پٹھان کوٹ حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہونچانے کی کارروائی میں تیزی لائے ۔ اپنی پریس کانفرنس میں بھی ٹرمپ نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بھی وزیر اعظم مودی کے ساتھ بات چیت میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے چیلنجس پر بھی مذاکرات میں بات چیت ہوئی ہے ۔