پاکستان ایشیاء کپ کی میزبانی کیلئے پرعزم

   

کراچی۔20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ رواں برس ایشیاء کپ ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ کی میزبانی کیلئے پرعزم ہے اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ان تمام امکانات کو مسترد کردیا ہے کہ پاکستان ایونٹ کی میزبانی سے دستبردارہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس مارچ کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے جہاں چیئرمین پی سی بی ایشیاء کپ کی مالیات کے علاوہ دیگر تفصیلات کو حتمی شکل دیں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں احسان مانی نے کہا کہ وہ قطعی نہیں چاہتے کہ اسوسی ایٹ ممالک کی مالیات متاثر ہوں لہٰذا وہ تمام اے سی سی اسٹیک ہولڈرزکی اکثریتی رائے کے ساتھ کوئی حتمی فیصلہ کریں گے اور بڑے ممالک کی موجودگی سے قطع نظر یقین دلاتے ہیں کہ اسوسی ایٹ ممالک کی کمائی کسی طرح بھی متاثر نہیں ہوگی۔یادرہے کہ ہندوستان نے پاکستان جاکر ایشاء کپ میں شرکت سے انکار کردیا ہے جس کے بعد یہ پیش قیاسیاں کی جارہی ہیں کہ ہندوستان کی عدم شرکت کی وجہ سے ایشاء کپ پاکستان سے کسی اور ملک اور خاص کربنگلہ دیش منتقل ہوجائے گا لیکن پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ وہ میزبانی کیلئے پرعزم ہے۔