اسلام آباد : پاکستان میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کے بعد سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔وزارتِ توانائی نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی کے باعث متعدد پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرپ ہو رہے ہیں جس سے ملک کے جنوبی حصوں میں بجلی کی ترسیل میں خلل پیدا ہو رہا ہے۔ادھر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کا 500 کے وی کا نظام بیٹھ گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گڈو تھرمل پاور کے تمام یونٹ ٹرپ ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔جن شہروں اور علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ان میں کراچی، جیکب آباد، شکار پور، دادو، سبی، رحیم یار خان، گھوٹکی، رحیم یار خان و دیگر علاقے شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق بجلی کے نظام میں خرابی کی وجوہات کا پتا لگایا جا رہا ہے۔ادھر ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے واحد ادارے ‘کے الیکٹرک’ نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف حصوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ہم اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔