دبئی ۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) حال ہی میں پاکستان میں 3 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلنے والی ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کی کھلاڑیوں نے اس دورے کو اپنی زندگی کا بہترین دورہ قرار دے دیا۔ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کی کھلاڑی انیسہ محمد نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لئے ایک محفوظ ملک ہے اور میں دیگر ٹیموں کو یہ پیغام دینا چاہوں گی کہ وہ یہاں آکر کرکٹ کھیلیں۔انہوں نے ٹیم کے دورہ پاکستان کو اپنے کیریئز کا بہترین دورہ بھی قرار دے اور بتایا کہ وہ اس قبل بھی ویسٹ انڈیز ٹیم کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔انیسہ احمد کے بموجب اس دورے کے دوران انہوں نے اپنے آپ کو پاکستان میں بالکل محفوظ محسوس کیا۔ویسٹ انڈیز کی ایک اور خاتون کرکٹر شکیرا سلمان نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔دونوں کرکٹرز نے پاکستان ویمنز ٹیم کی سیریز میں بہترین مظاہروں پر انہیں داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم کی کرکٹ اب بہتر ہوچکی ہے اور اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ نکھار آرہا ہے۔خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے دورہ پاکستان کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جبکہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں کھیلی گئی۔ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سخت مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز نے میزبان ٹیم کو 1-2 سے شکست دے دی تھی۔ تاہم دبئی میں پاکستان ویمن ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو پہلی مرتبہ ونڈے سیریز میں شکست دی ۔ پاکستان ویمن ٹیم نے دبئی میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔