پاکستان تحریک انصاف: ممنوعہ فنڈنگ کے الزامات کی زد میں

   

اسلام آباد۔ فنانشل ٹائمز کی حالیہ تحقیقاتی رپورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان نیازی کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کو برطانیہ سے ’ممنوعہ فنڈنگ‘ کا انکشاف کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کے الزامات درست نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کو برطانیہ سے ہونے والی ممنوعہ فنڈنگ کے تازہ الزامات نے پاکستان کی سیاست میں ایک ارتعاش سا پیدا کر دیا ہے۔ اگرچہ پاکستان تحریک انصاف نے ان الزامات کی تردید کی ہے لیکن کئی سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ یہ الزامات عمران خان اور ان کی جماعت کے لیے بہت منفی اثرات کے حامل ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے پر کہا ہے کہ معتبر عالمی ادارے فنانشل ٹائمز کی تحقیقاتی رپورٹ عمران نیازی کے خلاف سنگین چارج شیٹ ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ فنانشل ٹائمز کی تحقیقاتی رپورٹ نے پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ اورغیرقانونی بھاری رقوم کی ترسیل کے حقائق بے نقاب کر دیے ہیں۔ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ میں عمران خان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ فنانشل ٹائمز کے خلاف فرد جرم عائد کرنے پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے اور مجھے یقین ہے کہ وہ ایسا نہیں کریں گے تو اس سے ایک بار پھر ثابت ہو جائے گا کہ وہ کتنی ڈھٹائی سے پاکستانی عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں اور انہیں دھوکہ دے رہے ہیں۔