ایبٹ آباد: توہین مذہب کے الزام میں گرفتار چینی باشندے کو ضمانت ملنے کے بعد جمعہ کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ایبٹ آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی ایک عدالت نے جمعرات کو تیان سونگی نامی چینی باشندے کی درخواست ضمانت منظور کی تھی۔چینی شہری کے وکیل عاطف خان جدون نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ کیس کی سماعت کے موقع پر چینی انجینئر عدالت میں موجود نہیں تھے، صرف وکلا اور عدالتی عملہ ہی موجود تھا جبکہ تیان سونگی کو دو لاکھ روپے کے مچلکہ جمع کرانے کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔تیان سونگی داسو ڈیم کی تعمیر کے سلسلے میں کام کرنے والے چینی گروپ کا حصہ ہیں جن پر مقامی مزدوروں نے توہینِ مذہب کا الزام عائد کیا تھا۔انہیں 16 اپریل کو خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ایک ہجوم نے قراقرم ہائی وے کو بلاک کر دیا تھا۔