ممبئی : پاکستان نے کلبھوشن جادھو کی سزاء دہی کی نظرثانی کیلئے بل منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی طرف سے ممکنہ تحدیدات سے بچاجاسکے ۔ جادھو کے دوست اروند سنگھ نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ یہ مثبت خبر ہے ۔ پاکستان کو بھی اندیشہ ہے کہ اگر انہوں نے اس طرح کا بل منظور نہیں کیا تو ان کے خلاف تحدیدات عائد کئے جاسکتے ہیں ۔ اب ہمیں امید پیدا ہوئی ہے کہ حالات مثبت موڑ لے سکتے ہیں ۔ اروند نے کہا کہ اگر پاکستان بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق عمل نہیں کرے گا تو اسے نتائج بھگتنے پڑیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان جادھو سے متعلق تمام دستاویزات کے بارے میں واضح موقف ظاہر کرتا رہا ہے ۔ اب ہمیں غیرمشروط سفارتی رسائی کی ضرورت ہے ۔
