پاکستان حمایت یافتہ داعش ماڈیول بے نقاب، پانچ گرفتار

   

محروسین کا ممبئی، جھارکھنڈ، تلنگانہ اور مدھیہ پردیش سے تعلق، غزوۂ ہند کے تحت جہاد چھیڑنے کی سازش، دہلی پولیس کا دعویٰ

نئی دہلی، 11 ستمبر (یو این آئی) دہلی پولیس کی اسپیشل برانچ نے مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایک داعش (آئی ایس آئی ایس) دہشت گرد ماڈیول کا پردہ فاش کیا ہے ، جو پاکستان میں مقیم ہینڈلر کی ہدایت پر ہندوستان میں خلافت قائم کرنے اور غزوۂ ہند کے تحت جہاد چھیڑنے کی سازش کر رہا تھا۔ایڈیشنل پولیس کمشنر پرمود سنگھ کشواہا نے جمعرات کو بتایا کہ دہلی، جھارکھنڈ، تلنگانہ، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر کے تھانے ، نظام آباد اور راج گڑھ میں چھاپے مار کر پانچ اہم مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان کی شناخت اشہر دانش (رانچی)، آفتاب انصاری (ممبئی)، سفیان ابوبکر خان (جھارکھنڈ)، محمد حذیفہ یمن (تلنگانہ) اور کامران قریشی (مدھیہ پردیش) کے طور پر ہوئی ہے ۔ اس کارروائی میں کل 14 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے چھ کو راجستھان کے بھیواڑی میں ہتھیاروں کی تربیت لیتے ہوئے پکڑا گیا۔ماڈیول کا ماسٹر مائنڈ اشہر دانش، جو رانچی سے انگریزی میں پوسٹ گریجویٹ ہے ، پاکستانی ہینڈلر کے رابطے میں تھا۔ وہ ‘سی ای او، غزوہ لیڈر اور پروفیسر’ جیسے کوڈ الفاظ استعمال کرتا تھا۔ پولیس نے رانچی کے اسلام نگر کے تبارک لاج سے دانش کو گرفتار کیا، جہاں سے سلفر پاؤڈر، ہائیڈروکلورک ایسڈ، نائٹرک ایسڈ، بال بیرنگ، ایک دیسی پستول، کارتوس، لیپ ٹاپ، موبائل فون، نقدی اور دہلی کے کچھ علاقوں کے نقشے برآمد ہوئے۔ ایڈیشنل پولیس کمشنر نے بتایا کہ یہ ماڈیول ایک سلیپر سیل کی طرح کام کر رہا تھا۔ اس کے اراکین پاکستانی ہینڈلر سے رابطے کے لیے سگنل اور ٹیلی گرام جیسے انکرپٹڈ ایپس استعمال کرتے تھے ۔ وہ سوشل میڈیا پر ‘غزوۂ ہند’ کے نام سے ایک آن لائن گروپ چلاتے تھے ، جس کے ذریعے نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف مائل کیا جاتا اور انہیں بھرتی کیا جاتا تھا۔ اس ماڈیول کا مقصد فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانا اور مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا تھا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ ماڈیول القاعدہ اور داعش سے متاثر تھا۔ اس کے اراکین اراولی پہاڑیوں کے جنگلات میں ہتھیاروں کی تربیت لے رہے تھے اور تیوہار کے موسم میں دہلی-این سی آر میں بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔ دہلی کے نظام الدین ریلوے اسٹیشن سے آفتاب اور سفیان کو گرفتار کیا گیا، جو اسلحہ اکٹھا کرنے کے بعد ممبئی فرار ہونے کی کوشش میں تھے ۔ آفتاب میٹرک پاس ہے۔کشواہا نے بتایا کہ پچھلے چھ ماہ سے اس ماڈیول پر نظر رکھی جا رہی تھی۔ وقت پر ان دہشت گردوں کو پکڑ کر ایک بڑی سازش کو ناکام بنایا گیا۔ پولیس اب یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ اس ماڈیول نے کتنے لوگوں کو شامل کیا اور ان کے ممکنہ اہداف کیا تھے ۔ تفتیش ابھی جاری ہے اور مستقبل میں مزید گرفتاریاں بھی ممکن ہیں۔