اقوام متحدہ : ممنوعہ جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے حکومت پنجاب کے ساتھ بات چیت کے بعد یرغمال بنائے گئے تمام گیارہ پولیس اہلکاروں کو رہا کردیا ہے۔ وفاقی حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان بات چیت کا اگلا دور پیر کو ہوا۔سخت گیر اسلامی تنظیم فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اس کے حامیوں نے اتوار کے روز لاہور میں پرتشدد مظاہروں کے دوران پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنالیا تھا۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو اورمصدقہ غیر سرکاری ذرائع کے مطابق ان میں سے کئی پولیس والے خون میں لت پت اور زخمی تھے اور ان کے سروں پر بینڈیج بندھے ہوئے تھے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک بیان میں کہا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ’مذاکرات‘ کے بعد ان پولیس اہلکاروں کو پیر کی صبح کو رہا کر دیا گیا ہے۔ مظاہرین اپنے لاہور مرکز میں واپس چلے گئے ہیں اور سکیورٹی فورسز کو بھی واپس طلب کرلیا گیا ہے۔
