اسلام آباد: امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ پاکستان کے نیوکلیر ہتھیار بے ربط ہیں اور ہو سکتا ہے کہ یہ ملک دنیا کے سب سے زیاد خطرناک ملکوں میں سے ایک ہو۔امریکی صدر کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے پاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ امریکی سفیر کو دفترِ خارجہ طلب کر کے اس بیان کی وضاحت طلب کی جائے گی۔ جمعرات کو ڈیمو کریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ کیا کسی نے سوچا تھا کہ آج ہم یہ دیکھ رہے ہوں گے کہ چین، ہندوستان، روس اور پاکستان کے ساتھ اپنے روابط میں تبدیلی لا رہا ہو۔ بائیڈن کا کہنا تھا کہ انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ کسی بھی امریکی سربراہِ مملکت سے زیادہ وقت گزارا ہے۔ ان کے ساتھ گزشتہ 10 برسوں میں ہونے والی ملاقاتوں کا دورانیہ 78 گھنٹے ہے جن میں سے 68 گھنٹے دو بہ دو ملاقاتوں کے تھے۔ صدر بائیڈن نے چینی صدر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں، لیکن ان کے ساتھ بہت سے مسائل ہیں، لہٰذا ہم انہیں کیسے ہینڈل کریں؟ روس میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس سے ہم کیسے نمٹیں؟ اور میرا خیال ہے کہ دنیا کے سب سے خطرناک ملکوں میں سے ایک، پاکستان ہے، جس کے نیوکلیر ہتھیار بے ربط ہیں۔