لاہور: مشہور صوفی برزگ داتا گنج بخش المعروف داتا دربار کی درگاہ شریف کے باہر خودکش بم دھماکوں میں ۹/ افراد ہلاک ہوگئے ہیں ان میں پانچ پولیس افسران اور تین شہری شامل ہیں۔ جبکہ ۶۲/ افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ خبر پاکستان کے انگریزی اخبار ”ڈان“ نے دی ہے۔ یہ دھماکہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح آٹھ بج کر۵۴/ منٹ پر داتا دربار کے گیٹ نمبر ۲/ کے قریب کیا گیا۔ واضح رہے کہ داتا دربار ملک کی مشہور درگاہوں میں سے ایک ہے۔
پولیس عہدیداروں نے دعوی کیا کہ دھماکہ کا مقصد پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنانا تھا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ بم دھماکہ کرنے والے سات کیلو بم دھماکو میٹریل لے کر آئے تھے۔ پنجاب انسپکٹر جنرل آف پولیس عارف نواز نے تصدیق کی ہے کہ مہلوکین میں پانچ پولیس عہدیداران اور تین شہری شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ سوفیصد پولیس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ زخمیوں کو مایو اسپتال میں علاج کیلئے شریک کروایا گیا ہے۔صحت سکریٹری ثاقب ظفر نے زخمیو ں کی عیاد ت کی۔
ڈان نیوز کے مطابق زخمیوں میں سے پانچ زخمیو ں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی ہے۔ دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے اس دھماکہ کی مذمت کی ہے۔ مہلوکین کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔