لاہور 17 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) عہدیداروں نے بتایا کہ پاکستانی صوبہ پنجاب میں آئی ایس آئی ایس کے چار دہشت گرد سکیوریٹی فورسیس کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ان عسکریت پسندوں کو اقلیتی شیعہ برادری کی عبادتگاہوں پر حملہ کی ذمہ داری دی گئی تھی ۔ اس کا مقصد ملک میں فرقہ وارانہ تشدد برپا کرنا تھا ۔ عہدیداروں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ انٹلی جنس اطلاعات ملنے کے بعد انہوں نے یہ کارروائی شروع کی تھی ۔ اس کے ذریعہ ایک بڑے اور ہلاکت خیز دہشت گردانہ منصوبہ کو ناکام بنادیا گیا ہے ۔ چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جن کا داعش سے تعلق تھا ۔ انسداد دہشت گردی محکمہ نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ بھاولپور چوک کے قریب ذخیرہ جنگل میں سات دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں ۔ وہ انتہائی مسلح ہیں اور وہ اقلیتی طبقہ کی عبادتگاہ کو نشانہ بناسکتے ہیں۔ انسداد دہشت گردی ٹیم وہاں پہونچی اور عسکریت پسندوں کو ہتھیار ڈال دینے کو کہا جس کے جواب میں ان پر فائرنگ کی گئی ۔ فورسیس کی جوابی فائرنگ میں چار داعش دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کی امان اللہ ‘ عبدالجبار ‘ رحمان علی اور علیم کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے جبکہ تین دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
