پاکستان دفتر خارجہ میں ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

   

جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، تین شہریوں کی ہلاکت پر احتجاج
اسلام آباد 25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلوالیہ کو طلب کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے سبب پاکستان کے تین عام شہریوں کی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروایا۔ ڈائرکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) محمد فیصل نے اہلوالیہ سے کہاکہ جنگ بندی کی ہندوستان کی طرف سے کی جانے والی خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے جو حکمت عملی کی غلط اندازے اور اقدامات کا نتیجہ بن سکتے ہیں۔ محمد فیصل نے الزام عائد کیاکہ شاہ کوٹ اور کوئیراتا سیکٹرس پر ہندوستان نے 24 اکٹوبر کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔ ہندوستانی فوج نے بلا اشتعال اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجہ میں پاکستان کے تین سیویلین ہلاک ہوگئے ہیں۔ محمد فیصل نے یہ الزام بھی عائد کیاکہ ہندوستانی فورسیس لائن آف کنٹرول اور کارکرد سرحد کے اطراف اکثر سویلین کی آبادیوں کو خودکار اسلحہ فائرنگ و شلباری کا نشانہ بنارہے ہیں۔