واشنگٹن، 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے پاکستان کی عمران خان حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ وہ تمام دہشت گرد تنظیموں کو تعاون اور ان کو تحفظ دینا فوری طور پر بند کرے۔ امریکہ نے جموں و کشمیر کے پلوامہ میں جمعرات کی شام ہوئے دہشت گردانہ حملے میں ہندوستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہوئے پاکستان کے خلاف سخت موقف اختیار کیا ہے ۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری سارہ سینڈر نے بیان جاری کر کے کہا‘‘پاکستان اپنی سرزمین سے ہونے والی تمام دہشت گردانہ سرگرمیوں اور دہشت گرد تنظیموں کو مدد کرنا فوری طور پر بند کرے ۔’’سارہ سینڈرز نے کہا‘‘اس حملہ سے امریکہ اور ہندوستان کے درمیان دہشت گردی کے خلاف مہم اور تعاون کو مضبوط کرنے کے ہمار ے عزائم مضبوط ہوئے ہیں۔ امریکہ پاکستان حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم کی طرف سے کئے گئے اس گھناؤنے حملے کی سخت سے سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ اس حملے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ، حکومت ہند اور ہندوستان کے لوگوں کے تئیں ہم تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے پلوامہ میں سیکورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملہ پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سرگرم دہشت گرد گروپ جیش محمد ( جے ایم) نے اس حملے کوانجام دیا ہے ۔
شٹ داؤن روکنے مالیاتی بل منظور
واشنگٹن، 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ہاؤس ایوان نمائندگان نے امریکہ میں شٹ ڈاؤن روکنے کے لئے جمعرات کو مالیاتی بل کو منظوری دے دی۔سینٹ سے مالیاتی بل منظور ہونے کے بعد جمعرات کو ایوان نمائندگان میں 300 ارکان نے مالیاتی بل کے حق میں اور 128ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیئے ۔