کراچی ۔18 فروری(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ2020 کے لیے 10لاکھ ڈالرزکی انعامی رقم کا اعلان کردیا گیا ہے اور ایونٹ کی فاتح ٹیم کو خوبصورت ٹرافی کے ہمراہ 5لاکھ ڈالرزکی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔ پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے لیے انعامی رقم کی مالیت کا اعلان کردیا گیا ہے اور لیگ کے دوران مجموعی طور پر 10لاکھ ڈالرز(15کروڑ روپے سے زائد) کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 5لاکھ امریکی ڈالرزکے ساتھ ساتھ رنر اپ کو بھی دو لاکھ امریکی ڈالرس کی انعامی رقم دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایونٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا جائے گا اور ایونٹ میں کھیلے جانے والے 34 میچز میں ہر میچ کے مین آف دی میچ کو ساڑھے 4ہزار امریکی ڈالرز کا انعام دیا جائے گا۔ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین بولراوراسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ جیتنے والوں میں80 ہزارڈالر کی رقم برابری کی بنیاد پر تقسیم کی جائے گی۔ باقی انعامی رقم ٹورنمنٹ کے دوران بہترین کیچ، بہترین رن آؤٹ اورسب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کے لئے مقررہ انعامات کی مد میں تقسیم کی جائے گی۔ 34 میچز پر مشتمل 32 روز تک منعقد ہونے والا ایونٹ پاکستان سوپر لیگ ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ ہے۔ 12سال قبل 3 ٹسٹ کھیلنے والے ممالک کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کی ٹیموں پر مشتمل ایونٹ لاہور اورکراچی میں کھیلا گیا تھا۔ پاکستان اس سے قبل 1987 اور 1996 کے ورلڈکپ کی میزبانی بھی کر چکا ہے۔ ورلڈ کپ 1987 میں پاکستان نے 7 مختلف مقامات پر 10 میچوں کی میزبانی کی تھی جبکہ 1996 میں 6 مختلف مقامات پر 16میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ایونٹ کا افتتاحی میچ 20 فروری کو دفاعی چمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور8 مرتبہ کی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔