دبئی ۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ 4 کی ٹرافی کی دبئی میں رونمائی کر دی گئی جبکہ ایونٹ کا 14 فروری کو آغاز ہورہا ہے۔ ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کے کپتانوں نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر احسان مانی نے کہا کہ پاکستان سوپر لیگ کا اب تک کا سفر شاندار ہے، ایونٹ کی کامیابی میں فرنچائز اونرز، اسپانسرز اور سب سے زیادہ کردار کھلاڑیوں نے ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ 3 سال میں پاکستان سوپر لیگ پاکستان کا فخر بن چکا ہے۔ اس لیگ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع دینا ہے۔ پی ایس ایل ٹرافی پاکستان کی ثقافت اور روایات کے ساتھ اس کے مستقبل کی عکاس ہے۔ پاکستان سوپر لیگ کی افتتاحی تقریب 14 فروری کو دبئی میں ہوگی اور اسی روز افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ، ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے نہ صرف پاکستان سوپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے زیادہ سے زیادہ مقابلے اپنے شہروں میں کروانے کیلئے اقدامات کررہا ہے جس کیلئے اس نے جنوبی آفریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئر کے علاوہ کئی اہم کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کیلئے آمادہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں آسٹریلیا کو ونڈے سیریز کیلئے پاکستان مدعو کرنے کی حتی المقدور کوشش کی گئی تھی تاہم وہ کامیاب نہیں ہوسکی، لیکن انتظامیہ اُمید کررہا ہے کہ پی ایس ایل 4 کے مقابلوں سے اس کی امیدوں کو تقویت حاصل ہوگی۔