پاکستان سیمی فائنل میں ناکام، آسٹریلیا نے ہرایا

,

   

Ferty9 Clinic

پہلے سیمی فائنل کا ایکشن ریپلے ،176/4 کے جواب میں آسٹریلیا ایک اوور قبل 177/5

ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کا نیا چمپئن بنے گاl نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا اتوار کو فائنل

دبئی : ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ 2021 ء کی پسندیدہ ٹیم پاکستان کو آج آسٹریلیا نے دوسرے سیمی فائنل میں 5 وکٹ سے شکست دے دی جو گزشتہ روز منعقدہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے سیمی فائنل کا ایکشن ریپلے ثابت ہوا، جس میں کیویز نے سنسنی خیز انداز میں ٹارگٹ کا کامیاب تعاقب کیا۔ آسٹریلیا نے 2010 ء میں بھی پاکستان کو سیمی فائنل ہرایا تھا۔ آرن فنچ نے ٹاس جیت کر بابر اعظم زیرقیادت ٹیم کو پہلے بیاٹنگ کے لئے مدعو کیا۔ اوپنر محمد رضوان کی ایک اور شاندار اننگز (67) اور تین نمبر کے فخر زماں کی دھواں دھار بیاٹنگ (32 گیندوں میں 55 رنز) کے بل بوتے پر پاکستان نے 176/4 اسکور کئے۔ بابر نے 39 رنز بنائے۔ جوابی اننگز میں آسٹریلیا کی شروعات خراب ہوئی جب شاہین شاہ آفریدی نے فنچ کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ بعدازاں اسپنر شاداب خان نے 26 رنز دے کر 4 وکٹیں لیتے ہوئے آسٹریلیا کو 96/5 تک گھٹادیا تھا مگر اُس کے بعد دیگر بولروں کی خراب پرفارمنس اور فیلڈنگ میں کچھ غلطیوں نے مارکس اسٹوئنس اور میتھیو ویڈ کو زبردست موقع فراہم کیا ۔ دونوں نے ترتیب وار 40 اور 41 کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کو ایک اوور قبل 177/5 کے ساتھ جیت سے ہمکنار کیا۔ اسٹوئنس نے صرف 31 اور میان آف دی میچ ویڈ نے محض 17 گیندیں کھیلے۔ اسٹرائک بولر آفریدی کا آخری اور اننگز کا 19واں اوور پاکستان کے لئے بھاری ثابت ہوا جس میں ویڈ نے لیفٹ آرم بولر کو لگاتار تین چھکے لگاتے ہوئے آسٹریلیا کو دوسری مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچادیا جہاں اُن کا مقابلہ پڑوسی نیوزی لینڈ کے ساتھ اتوار 14 نومبر کو دبئی میں ہی مقرر ہے۔