دبئی، 22 ستمبر (یو این آئی )ہندوستان کے کپتان سوریہ کمار یادو نے گزشتہ رات میچ کے بعد کہا کہ پاکستان سے اب روایتی حریفانہ مقابلہ نہیں رہا، ہند۔پاک میچز میں ہندوستان کی جیت کا تناسب تقریباً 10-1 ہے۔ اسٹار بیاٹر سوریہ نے کہا ہے کہ اب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کو روایتی حریفانہ مقابلہ کہنا درست نہیں۔ ایشیا کپ سوپر فور میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد گفتگو پریس کانفرنس میں سوریہ نے کہا کہ اگر دو ٹیمیں 15 تا 20 میچ کھیلیں اور اس دوران ریکارڈ تقریباً برابر ہو تو اسے سخت مسابقت کہا جا سکتا ہے لیکن اگر ایک ٹیم مسلسل جیت رہی ہو تو یہ سخت حریفانہ مقابلہ نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اگر اسکور 7-7 یا 8-7 ہو تو سخت رقابت کہی جا سکتی ہے ، لیکن اگر حساب 13-0 یا 10-1 ہو تو پھر یہ سخت حریفانہ مقابلہ نہیں رہتا۔ ہم نے ان سے بہتر کرکٹ کھیلی۔ گزشتہ روز سوپر فور میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں مسلسل آٹھویں بار شکست دی ہے۔ پاکستان نے آخری بار ہندوستان کو ایشیا کپ 2022 میں دبئی میں ہرایا تھا۔ سوریہ کمار نے میچ کے ٹرننگ پوائنٹ کے بارے میں کہا کہ پہلی اننگز میں 10 اوورز کے بعد جب پاکستان 91/1 تھا، تو اس کے بعد کھیل کا رخ بدل گیا۔ ڈرنکس بریک کے بعد ہندستانی گیند بازوں نے لائن اور لینتھ تبدیل کی، زیادہ توانائی دکھائی اور پاکستانی بیاٹرز کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔ اگلے سات اوورز میں پاکستان صرف 38 رنز ہی بنا سکا جو اس ٹورنامنٹ کے دوران 10 سے 17 اوورز میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے ۔ سوریہ نے خاص طور پر شیوم دوبے کی تعریف کی جنہوں نے پہلی بار اپنے چار اوور مکمل کئے اور دو اہم وکٹیں حاصل کئے، جو صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان تھے۔