پاکستان سے اچھے عسکری تعلقات جاری رہیں گے : پنٹگان

   

نئے وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد، جمہوری پاکستان ہمارے مفادات کیلئے اہم:امریکہ

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع پنٹاگن نے پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات پر ردعمل دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط عسکری تعلقات کے تسلسل کے لیے پرعزم ہیں۔واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران پنٹاگن کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے حوالے سے امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ مفادات ہیں، ہمارے پاکستان سے اچھے عسکری تعلقات ہیں اور ہم ان میں تسلسل کے لیے پرعزم ہیں۔جان کربی کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا اعتراف ہے کہ پاکستان اور پاکستانی عوام ملک میں دہشت گردانہ حملوں سے متاثر ہوئے ہیں اور پاکستان کا خطے میں بنیادی کردار رہا ہے ۔پنٹاگن ترجمان سے جب عمران خان کے پاکستانی حکومت کی تبدیلی میں امریکہ کے ملوث ہونے کے الزام اور شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے اس کا جواب دینے سے معذرت کرلی۔جان کربی کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات پرکوئی بات نہیں کروں گا۔فوجی مداخلت کے سوال کے جواب میں بھی جان کربی نے کہا کہ وہ پاکستان میں اندرونی سیاست پر کوئی بات نہیں کریں گے ۔خیال رہے حالیہ دنوں میں وائٹ ہاؤس کی ترجمان کی جانب سے کہا جاچکا ہے کہ جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے اور حکومت کی تبدیلی میں امریکی سازش کو مورد الزام ٹہھرا رہے ہیں تاہم امریکہ کی جانب سے متعدد بار اس کی تردید کی جاچکی ہے ۔دریں اثناء امریکہ نے پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ نئی حکومت کے ساتھ ان کا تعاون جاری رہے گا۔ امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے یہ اطلاع دی ہے ۔چہارشنبہ کو ایک بیان میں مسٹر بلنکن نے کہا‘‘امریکہ پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتا ہے ۔ ہم حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تقریباً 75 برسوں سے وسیع تر باہمی مفادات پر ایک اہم شراکت دار کے طور پر اپنے کردار کو تسلیم کرتا ہے ۔