پاکستان سے بات چیت ہوگی تو صرف مقبوضہ کشمیر پر ہوگی

,

   

وزیر اعظم نے دکھادیا کہ ان کا سینہ 56 انچ کا ہے ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا خطاب
کالکا ( ہریانہ ) 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ جب تک پاکستان دہشت گردی کی حوصلہ افزائی اور مدد بند نہیں کریگا اس وقت تک اس کے ساتھ بات چیت نہیں ہوسکتی مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ اگر پاکستان کے ساتھ بات چیت ہوئی بھی تو وہ صرف مقبوضہ کشمیر کے تعلق سے ہوگی ۔ راج ناتھ سنگھ بی جے پی کی جن آشیرواد یاترا کو جھنڈی دکھاکر روانہ کرنے سے پہلے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ یہ یاترا ہریانہ اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں منعقد ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے ساتھ بات چیت ہوتی بھی ہے تو یہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے تعلق سے ہوگی ۔ کسی اور مسئلہ پر بات نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بات چیت ہونی بھی ہے تو یہ اسی وقت ہوگی جب پاکستان دہشت گردی کی مدد اور اس کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ بند کریگا ۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے عوام بھی چاہتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت ہو ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہم کس مسئلہ پر بات چیت کریں اور کیوں کریں ؟ ۔ جموں و کشمیر کو خصوصی موقف دینے والے دستور کے دفعہ 370 کو ختم کردئے جانے کے مسئلہ پر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس فیصلے نے پاکستان میں زلزلہ پیدا کردیا ہے اور ان کیلئے تشویش کی وجہ بن گئی ہے ۔ اب پاکستان ہر دروازہ کھٹکھٹارہا ہے اور مدد کیلئے کئی ملکوں سے رجوع ہو رہا ہے ۔ کیا ہم نے کوئی جرم کیا ہے ؟ ۔ اور وہ لوگ ہمیں دھمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم امریکہ نے جو دنیا میں سب سے طاقتور ملک سمجھا جاتا ہے پاکستان کو چھوڑ دیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ ہی بات چیت کا آغاز کریں۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ ہندوستان کو دہشت گردی کے ذریعہ کمزور اور عدم استحکام کا شکار کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ پاکستان نے کوشش کی کہ دہشت گردی کو استعمال کرتے ہوئے ہمارے ملک کو توڑ دے تاہم ہمارے وزیر اعظم نے اسے بتادیا ہے کہ ان کا 56 انچ کا سینہ ہے ۔ انہوں نے پلواما حملے کے بعد منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا اور ہماری ائر فورس نے بالاکوٹ حملہ کردیا ۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان بالاکوٹ حملے کی تردید کرتے رہے ہیں لیکن انہوں نے حال ہی میں کہا تھا کہ ہندوستان بالاکوٹ سے بڑے حملے کی تیاری کر رہے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے بالاکوٹ فضائی حملوں کا اعتراف کرلیا ہے ۔