تیز پور (آسام)۔13؍ڈسمبر ( ایجنسیز )آسام میں سونیت پور پولیس نے ہندوستانی فضائیہ کے ایک ریٹائرڈ جونیئر وارنٹ آفیسر کو مبینہ طور پر پاکستانی جاسوسی نیٹ ورک سے منسلک افراد کے ساتھ دفاع سے متعلق حساس معلومات شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ملزم کی شناخت تیز پور کے کولندر شرما کے طور پر کی گئی ہے۔سونیت پور کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہریچرن بھومیج نے جمعہ کو یہ جانکاری دی۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حساس دستاویزات اور معلومات سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بالخصوص واٹس ایپ کے ذریعے شیئر کی گئی تھیں۔ مبینہ طور پر اس کا موبائل فون مشتبہ پاکستانی جاسوسوں کے ساتھ بات چیت اور ڈیٹا کا تبادلہ دکھاتا ہے۔ تاہم معلومات کے تبادلے کا صحیح وقت ابھی تک معلوم نہیں ہے۔پولیس نے شرما کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ اپنے قبضے میں لے لیا ہے جسے فارنسک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ تفتیش کاروں نے پایا کہ کچھ ڈیٹا کو حذف کر دیا گیا ہے جس کیلئے تفصیلی فرانزک تجزیہ کی ضرورت ہے۔تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت تیز پور صدر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔شرما نے 2002 میں ریٹائر ہونے سے پہلے سلونی باڑی، تیز پور میں ہندوستانی فضائیہ کے اڈے پر ایک وارنٹ افسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ تحقیقات کے آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ مزید معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔