پاکستان سے دبئی ٹرانزٹ مسافروں کیلئے پی سی آر ٹسٹ لازمی

   

اسلام آباد ۔ پاکستان سے دبئی آنے والے ٹرانزٹ مسافروں کے لیے پی سی آر ٹسٹ لازمی قرار دے دیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق پاکستان سے دبئی کے ذریعہ سفر کرنے والوں کو روانگی سے قبل اپنے ساتھ ریپڈ پی سی آر ٹسٹ کروانا لازمی ہوگا۔ اماراتی ایئرلائن کا کہناہے کہ پاکستان سے دبئی یا ٹرانزٹ کرنے والے مسافروں کو جہازپر چڑھنے سے قبل ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹسٹ کروانا ہوگا۔ اماراتی شہریوں کو صرف دبئی ایئرپورٹ پہنچنے پر پی سی آر ٹسٹ کروانا ہوگا اور ان پر دیگر شرائط بھی لاگو نہیں ہوتیں۔ واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کے تمام بڑے ایئرپورٹس پر متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کے لیے ریپڈ پی سی آر ٹسٹ کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات میں ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کے ہر 48 گھنٹے بعد کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تمام وزارتوں اور اداروں کو تحریری ہدایت نامہ جاری کر کے پابند کیا گیا ہے کہ وہ ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کا ہر 48 گھنٹے بعد پی سی آر ٹسٹ لازمی کروائیں۔