لندن ۔23 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے نئے فارمیٹ دی ہنڈریڈ کے لئے بین الاقوامی اور مقامی کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں کرس گیل، لستھ ملنگا، شاہد آفریدی، شعیب ملک، ڈیرن براوو، ٹرینٹ بولٹ اور محمد حفیظ جیسے بڑے کھلاڑیوں کو نظر انداز کردیا گیا۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے نیلامی ہوئی جس کا میلہ نوجوان کھلاڑیوں نے لوٹ لیا یا یوں کہہ لیں کہ ٹیموں کے کوچز اور کپتان نے عمر رسیدہ کھلاڑیوں کی جگہ نئے خون پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا۔ کرکٹ کے نئے فارمیٹ نے جیسے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو بھی نئے خطرے سے دوچارکردیا اور بین الاقوامی کرکٹ کے اس مختصر ترین فارمیٹ پر حکمرانی کرنے والے کھلاڑیوں کا نئے فارمیٹ میں سورج ہی طلوع نہ ہوسکا۔ ہر ٹیم نے 3 بین الاقوامی کھلاڑیوں کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا جس کے ساتھ ہی مجموعی طور پر 24 بیرونی کھلاڑی اس نئے ایونٹ کا حصہ بنے۔ اس میں زیادہ تر آسٹریلیا کے کھلاڑیوں پر انحصار کیا گیا ہے اور اس کے 10 کھلاڑی ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ اس کے بعد دوسرے نمبر پر حیرت انگیز طور پر افغانستان ہے جس کے 4 کھلاڑیوں کو نئے فارمیٹ کے اس ایونٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے فی کس 3 کھلاڑی، نیوزی لینڈ کے 2 جبکہ جنوبی افریقہ اور نیپال کا ایک کھلاڑی دی ہینڈریڈ کھیلتا ہوا دکھائی دے گا۔ ایک لاکھ 25 ہزار برطانوی پاؤنڈ کے زمرے میں سب سے پہلے ٹرینٹ راکٹس نے افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان کو منتخب کیا۔