اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کیلئے ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے ایئرپورٹ جاتے ہوئے انسداد پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ضرور ساتھ رکھیں، بصورت دیگر سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ ’پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے حوالے سے سعودی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئی ہدایات کی روشنی میں گزشتہ کچھ دنوں سے سعودی عرب سفر کرنے والے مسافروں کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تاہم اب سعودی حکومت نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کیلئے پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب جانے والے ہر مسافر کیلئے چاہے وہ عمرہ، اقامہ، زیارت کسی بھی غرض سے جائے، پولیو سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب جانے والے تمام مسافروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ ایئرپورٹ پہنچنے سے قبل اپنے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ضرور ساتھ رکھیں۔‘سعودی عرب کے کسی بھی ایئرپورٹ پر 12 گھنٹے سے کم ٹرانزٹ کرنے والے مسافروں کو ویکسی نیشن کی ضرورت نہیں ہے، جب کہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پر سرکاری یا نجی ہسپتال کی مہر ہونا لازمی ہے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر سعودی عرب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔