کراچی ۔25 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے پلوامہ میں ہندستانی فوجیوں پر حملہ کوغیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندستانی کرکٹ بورڈ کو ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران شعیب اختر نے ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے سے متعلق ہندستانی کرکٹ بورڈ کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ہندستان کو دیئے گئے پیغام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تاہم پلوامہ میں ہندستانی فوجیوں پر حملہ غیر منصفانہ تھا۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں اورسیاست کو ہمیشہ الگ الگ رکھنا چاہئے،میں پلوامہ حملے کی مذمت کرتا ہوں تاہم جب بات ملک کی آئے گی تو میں کوئی دوسری بات سوچے بغیر وزیر اعظم عمرا ن خان کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف16جون کو مانچسٹر میں مقرر ورلڈ کپ میچ کھیلنے سے انکار کرنا ہندستانی کرکٹ بورڈ کا حق ہے کیونکہ ان کی فوجیوں پر حملہ ہوا ہے۔اس میں کوئی دورائے نہیں ہے۔ یاد رہے کہ14فروری کو پلوامہ حملے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 44 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد میڈیا اور سیاست دان پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ہندستان کو ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہیے جتنا بھی نقصان ہوجبکہ بی سی سی آئی نے بھی ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ مرکزی حکومت پر چھوڑ دیا ہے۔