نئی دہلی۔ 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے ملک کے دیسی بازار میں سپلائی کیلئے پاکستان سے پیاز نہیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ گھریلو بازارمیں پیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے تحت حکومت نے بین الاقوامی بازار سے 2000 ٹن پیاز خریدنے کا ٹنڈر جاری کیا ہے ۔ یہ ٹنڈر پانچ ستمبر کو جاری کیا گیا اور اسے 24 ستمبر تک بھرا جا سکتا ہے ۔اس کے علاوہ حکومت نے پیاز کی کم از کم برآمدات قیمت بھی 850 ڈالر فی ٹن کر دی ہے ۔ درآمدت کیلئے مجازپبلک سیکٹر کی کمپنی ایم ایم ٹی سی لمیٹڈ نے 2000 ٹن پیاز کی درآمدات کرنے کیلئے ٹینڈر جاری کیا اور کہا ہے کہ یہ پیاز اچھے معیار والا اور پاکستان، چین، افغانستان یا دیگر کسی ملک میں پیدا ہوئی ہونی چاہئے ،لیکن گزشتہ دیر رات ٹینڈر پر نظر ثانی کرتے ہوئے ایم ایم سی لمیٹڈ نے کہا کہ درآمد کی جانی والی پیاز پاکستان میں پیدا ہوئی نہیں ہونی چاہئے ۔ متعلقہ کمپنیوں کو پیاز کی سپلائی نومبر کے آخری ہفتے میں کرنی ہوگی ۔ عام طور پر بین الاقومی سطح پر تجارت کرنے والی غیر ملکی کمپنیاں پاکستان کی پیاز خرید کر ہندوستا ن میں بھیج دیتی ہیں ۔