نئی دہلی ۔21 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے مد نظر پاکستان سے نہ صرف کرکٹ بلکہ تمام رشتے توڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوان شہید ہو گئے ۔ گنگولی نے ہم وطن ہر بھجن سنگھ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کے ایک میچ میں پاکستان کے خلاف نہیں کھیلنے سے ہندستان کے جذباتوں پر اثر نہیں پڑے گا۔ حالانکہ گنگولی نے یہ کہا کہ ہندستان کی یہ مخالفت ایک میچ کیلئے علامتی ہونی چاہئے یا پاکستان کے خلاف سیمی فائنل میں کھیلنے کی حالت میں بھی ہندستان کو میدان پر نہیں اتارنا چاہئے۔ گنگولی نے انڈیا ٹی وی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، یہ 10 ٹیموں کا ورلڈ کپ ہے اور ہر ٹیم دیگر ٹیموں کے ساتھ کھیلے گی اورمجھے لگتا ہے کہ اگر ہندوستان ورلڈکپ میں ایک میچ نہیں کھیلتا ہے تو یہ کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا، مجھے لگتا ہے کہ آئی سی سی کیلئے ہندوستان کے بغیر ورلڈکپ میں جانا کافی مشکل ہوگا لیکن آپ کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ہندستان میں آئی سی سی کو ایسی چیز کرنے سے روکنے کی طاقت ہے لیکن شخصی طور پر مجھے لگتا ہے کہ سخت پیغام دیا جانا چاہئے۔ بائیں ہاتھ کے سابق اوپنر گنگولی نے مزید کہا کہ ہندستان کو پڑوسی ملک سے تمام رشتے توڑ دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا، پاکستان کے لوگوں کے ساتھ دو طرفہ سیریز کھیلنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ میں متفق ہوں کہ اس حملے کے بعد ہندستان کو پاکستان کے ساتھ کرکٹ، ہاکی ، فٹ بال ہی نہیں بلکہ تمام تعلقات کو توڑ دینا چاہئے۔