پاکستان مقبوضہ کشمیر میں مہلوکین کی تعداد 152ہوگئی

   

مظفرآباد،17جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان مقبوضہ کشمیر(پی او کے )میں برفانی تودوں کی زد میں آئی چھ سالہ بچی جمعرات کو ایک ہاسپٹل میں جانبر نہ ہوسکی اور اس کے بعد یہاں مرنے والوں کی تعداد 152ہوگئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے۔ ملٹری ہاسپٹل کے پروفیسر ڈاکٹر عدنان معراج نے بتایا کہ چھ سالہ بچی کو ملٹری ہاسپٹل لایاگیا لیکن دماغی چوٹ کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہوسکی۔ ڈاکٹر معراج نے بچی کی ماں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے گاؤں سیری میں برفانی تودے گرنے سے یہ بچی 20سے زیادہ گھنٹے تک برف میں پھسی رہی تھی۔ڈاکٹر معراج نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے چہارشنبہ کو ہاسپٹل کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے خصوصی طورپر بچی کی حالت بارے میں تشویش کا اظہار کیاتھا۔ بچی کے خاندان کے سب سے بزرگ شخص شیخ خیراللہ نے بتایا کہ گزشتہ پیر کو ان کے گاؤں سیری کے دو گھر زبردست برفباری کی زد میں آگئے تھے اور اس میں دونوں خاندانوں کے 18افراد کی موت ہوگئی۔صفیہ نامی بچی بھی اسی حادثے کی شکار ہوئی تھی۔مرنے والوں میں پانچ خواتین،ایک مرد اور 12چھوٹے بچے اور بچیاں تھیں۔