پاکستان میںپی ٹی آئی پر پابندی پر امریکہ کا اظہار تشویش

   

واشنگٹن: حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کے فیصلے پر امریکہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے میڈیا بریفنگ کے دوران پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستانی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں جاری کیے گئے بیانات دیکھے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ سیاسی پیچیدہ عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے تاہم اس اندرونی عمل اور فیصلوں پر امریکہ نظر رکھے گا۔ ترجمان نے اپنے تبصرے میں کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک پیچیدہ سیاسی عمل کا آغاز ہے۔ لیکن یقینا کسی سیاسی پارٹی پر پابندی لگانا ایک ایسی بات ہو گی جو ہمارے لیے بڑی تشویش کا باعث ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی تشویش کی بات ہے کیونکہ یہ اقدام انسانی حقوق، آزادی اظہار رائے، آئینی اور جمہوری اصولوں کی پْرامن پاسداری کی مخالفت ہے۔ میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان سمیت کسی بھی ملک میں سیاسی تشدد کی مذمت کرتے ہیں، امریکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ہے، ہم جمہوری اقدار اور بنیادی حقوق کا احترام دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان میں قانون کی حکمرانی کی حمایت کرتے ہیں۔