پاکستان میںکورونا سے 50 اموات‘ 3277 متاثر

   

اسلام آباد، 6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں کوروناوائرس (کووڈ 19) کا پھیلاؤ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اور اس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3277 ہو گئی ہے جبکہ اس سے اب تک 50 افراد کی موت ہوچکی ہے ۔وزارت صحت نے اتوار کی شام یہ اطلاع دی۔ اعدادوشمار کے مطابق جمعہ سے اتوار تک کم از کم 512 افراد وائرس کی زد میں آنے کی تصدیق ہوئی اور آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے ۔ پاکستان کے لئے فی الحال راحت کی بات یہ ہے کہ مجموعی کورونا وائرس متاثرین میں سے محض ڈیڑھ فیصد لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔پاکستان میں صوبہ پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اب تک 1319 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 12 افراد کی ہلاکت کی خبریں ہیں ۔ دوسرے مقام پر صوبہ سندھ ہے جہاں 881 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور سب سے زیادہ 15 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔خیبر پختونخوا میں 372 متاثرین ہیں اور 14 کی موت ہوئی ہے . گلگت بلتستان میں 206 افراد متاثرہیں اورتین کی موت ہوئی ہے ۔ بلوچستان میں 189 لوگ اس سے متاثر ہیں جبکہ دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک 78 کیسز سامنے آئے ہیں۔پورے ملک میں اب تک 170 لوگ صحت مند ہو چکے ہیں جنہیں اسپتالوں سے چھٹی دی گئی ہے ۔مجموعی متاثرین کی یہ شرح 5.6 فیصد ہے ۔پاکستان میں اپریل ماہ کے آخر تک کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے ۔