پاکستان میں اسامہ بن لادن کا ’قریبی ساتھی‘ گرفتار؟

   

اسلام آباد : پولیس کے مطابق القاعدہ کے لیڈر امین الحق کے خلاف اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پاکستانی پولیس نے آج بروز جمعہ ایک بیان میں کہا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے بانی اور امریکہ میں 9/11 کے حملوں کے ماسٹر مائنڈ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی” امین الحق کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کے صوبے پنجاب میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کام کرنے والے پولیس محکمے (سی ٹی ڈی) کے ایک ترجمان نے آج جاری کردہ بیان میں کہا، دہشت گردی کے خلاف ایک اہم پیش رفت میں سی ٹی ڈی نے انٹیلیجنس ایجنسیوں کے ساتھ مل کر امین الحق کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ امین الحق کے خلاف صوبے میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، بنجاب میں سی ٹی ڈی کے سربراہ عثمان اکرم گوندل نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ امریکہ، اقوام متحدہ اور یورپی یونین امین الحق کا شمار اسامہ بن لادن کے ساتھی کے طور پر کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امین الحق افغانستان سے 2021ء میں ناٹو افواج
کے انخلا کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگئے تھے اور وہ اگست میں افغانستان گئے تھے، جہاں انہیں نے القاعدہ کو دوبارہ منظم کرنے کی کوششیں شروع کر دی تھیں۔ امین الحق ان افراد کی فہرست میں بھی شامل ہیں جن پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ سلامتی کونسل کی ویب سائٹ پر موجود تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وہ افغانستان میں پیدا ہوئے تھے اور اسامہ بن لادن کے سیکوریٹی کے حوالے سے رابطہ کار تھے۔