اسلام آباد 10اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں رواں ماہ کی 25 تاریخ تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 70ہزار تک پہنچ سکتی ہے اور 700 لوگ مر سکتے ہیں۔ یہ وارننگ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے دی ہے ۔ روزنامہ جنگ کے مطابق انہوں نے تمام اوورسیز پاکستانیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بہت مجبوری میں ہی وطن واپس آئیں۔اخبار کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک سے پاکستانی واپس پاکستان آنا چاہ رہے ہیں، متحدہ عرب امارات سے 20ہزار پاکستان واپس وطن آنا چاہتے ہیں۔ ابھی تک 1800پاکستانی واپس آچکے ہیں۔حکومت اس رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے پلاننگ کررہی ہے۔ یکم؍ اپریل سے 11 اپریل تک وزٹ یا بزنس ویزے پر بیرون ملک گئے پاکستانیوں اور پاکستانی طلباء کو بھی واپس لیا جا رہا ہے ، ابھی تک ایک ہزار 800 پاکستانی واپس آچکے ہیں باقی پاکستانیوں کو لانے کیلئے پی آئی اے آپریشن 19اپریل تک بڑھانا ہوگا۔
