کراچی ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹسٹ سیریز پر تبصرہ کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان ٹیم ٹسٹ سیریز جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انضمام الحق نے کہاکہ بابر اعظم بیٹنگ اورکپتانی میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے تیار ہیں ٹیم کو 5 بیٹسمینوں اور 5 بولروں کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے۔ سابق کپتان نے مزید کہا ہے کہ پاکستان ٹیم اہل اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، بابر اعظم محدود اوورزکی کرکٹ میں ثابت کر چکے کہ ان پر کپتانی کا دباو نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لئے بڑی اہمیت کی حامل ہے، اکثرکھلاڑیوں نے گھریلو میدانوں پر ٹسٹ کھیلنے کا مزہ نہیں چکھا، کوئی بھی کھلاڑی اپنے گراونڈز پر کھیل کر اسٹار سے سوپر اسٹار بنتا ہے۔انضمام الحق نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان کا ریکارڈ بہت اچھا ہے، پاکستان ٹیم کو 5 بیٹسمین اور5 بولروں کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے، 5 بولرز میں 2 فاسٹ بولرز، 2 اسپنرز اور ایک آل راونڈر ہونا چاہیے، اس طرح کی ٹیم کراچی کی وکٹ میں سازگار ثابت ہو سکتا ہے۔دریں اثناء پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو بطور کپتان مکمل آزادی دینا چاہیے، کپتان،کوچنگ اسٹاف، پلیئرز سب ایک یونٹ ہیں فیصلے متفقہ ہوتے ہیں۔آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ چار دن بڑی زبردست پریکٹس رہی ، خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔مصباح الحق نے مزید کہاکہ فیلڈنگ کے معیار کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، امید ہے اس شعبہ میں بہتری آئے گی، فی الحال ساری توجہ سیریز پرمرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے منتظر ہیں، امید ہے اچھی کارکردگی سے اعتماد بحال کریں گے،اب تک کارکردگی سیمطمئن نہیں، کارکردگی بہتر کرنا بہت ضروری ہے۔