اسلام آباد : پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عام انتخابات آئندہ برس ہی منعقد ہوں گے۔ انہوں نے انتخابات میں فوج کے ذریعہ دھاندلی کے خدشات کو بھی مسترد کر دیا۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات چیت میں انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ملک کا الیکشن کمیشن ملک میں انتخابات کے انعقاد کا نگران ہے اور فوج کا ان انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں۔ ان کا دو ٹوک انداز میں ان دعووں کو مسترد کیا جن میں کہا جا رہا ہے کہ فوج انتخابی دھاندلی کے ذریعہ یہ یقینی بنائے گی کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت دوبارہ اقتدار حاصل نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا سربراہ خود عمران خان نے مقرر کیا تھا اور وہی سربراہ خود عمران خان کے خلاف کیسے ہو سکتا ہے؟ پاکستان گزشتہ برس اپریل سے شدید سیاسی بحران کا شکار ہے، جب ملکی اپوزیشن نے عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعہ عمران خان کی حکومت گرا دی تھی۔ رواں برس اگست میں عمران خان کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت حراست میں لے لیا گیا تھا اور انہیں تین برس قید کی سزا سنا دی گئی تھی، بعد میں ان کی سزائے قید تو معطل کر دی گئی تاہم وہ بدستور جیل ہی میں ہیں۔