پاکستان میں تازہ ترین دہشت گرد حملہ، پانچ ہلاک

   

اسلام آباد: 2 جولائی (یو این آئی)پاکستان کے جنوب مغربی اور شمال مغربی علاقوں میں منگل کے روز ہونے والے مختلف حملوں میں دو پولیس اہلکاروں اور اتنے ہی مشتبہ عسکریت پسندوں سمیت کم از کم 5افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔صوبائی حکومت کے ترجمان شاہد رند نے ایک بیان میں کہا کہ بھاری ہتھیاروں سے لیس مسلح افراد نے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے دور افتادہ ضلع مستونگ میں نیم فوجی دستوں کے دفتر پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ۔رند نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ دیگر تین زخمی ہوگئے ۔ایک اور واقعے میں کے پی کے شورش زدہ ضلع لکی مروت میں نامعلوم حملہ آوروں نے ٹریفک پولیس کے دو اہلکاروں پر گھات لگا کر حملہ کیا۔پولیس نے بتایا کہ پولیس اہلکار موٹر سائیکل پر جا رہے تھے جب انہیں قریبی گاؤں میں نشانہ بنایا گیا۔