اسلام آباد : پاکستان کے قومی خلائی ادارے اسپارکو کی جانب سے تیارہ کردہ پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ کو چین کے جیو چوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا دیا گیا۔ڈان کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ فصلوں کی مانیٹرنگ، اربن ڈیولپمنٹ، پلاننگ سمیت دیگر شعبوں میں معاونت کرے گا، سیٹلائٹ سے سیلاب، زلزلے ، جنگلات کی کٹائی، تیل و گیس کی دریافت سے متعلق بھی معلومات کی فراہم ملے گی۔ادھر، ترجمان اسپارکو نے بتایا کہ یہ قابل ذکر سنگ میل خلائی تحقیق میں خود انحصاری اور تکنیکی مہارت کی طرف پاکستان کے سفر میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے ، یہ سیٹلائٹ سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی مہارت اور لگن کا مظہر ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ خلائی ٹیکنالوجی کوملکی مفاد میں آگے بڑھانے کے لیے اسپارکو کے عزم کو ظاہر کرتا ہے ، یہ سنگ میل خلا پر مبنی مشاہدے میں پاکستان کی صلاحیتوں کو تقویت دیتا ہے ۔ترجمان اسپارکو نے مزید کہا کہ قدرتی وسائل کی موثر نگرانی اور انتظام آفات سے نمٹنے ، شہری منصوبہ بندی، زرعی ترقی کے نظام کی مدد کرے گا، سیٹلائیٹ مختلف شعبوں میں کارآمد رہے گا۔