پاکستان میں جاریہ سال کا ساتواںپولیو کیس رپورٹ

   

پشاور : رواں سال کا ساتواں پولیو کیس خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر میں رپورٹ ہوگیا۔ڈان نیوز کے مطابق نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق یہ کیس ایسے وقت میں سامنے آیا ہے ، جب ملک بھر میں انسداد پولیو کی قومی مہم جاری ہے ۔نیشنل ای او سی کے مطابق 21 سے 27 اپریل تک جاری قومی پولیو مہم کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔حکام کا کہنا ہے کہ 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو ہر مہم میں پولیو کے قطرے پلوانا نہایت ضروری ہے ۔نیشنل ای او سی کے مطابق، پولیو ویکسین کی اضافی خوراکیں بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچاتی ہیں۔یاد رہے کہ چند گھنٹے قبل قومی پولیو مہم کے دوران بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشتگردوں نے انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں 2 لیویز اہلکار شہید ہوگئے تھے ۔اسسٹنٹ کمشنر مستونگ اکرم حریفال نے بتایا تھا کہ افسوس ناک واقعہ مستونگ کے علاقے کلی تیری میں پیش آیا، جہاں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والے لیویز اہلکاروں پر حملہ کیا گیا تھا۔فائرنگ کے نتیجے میں نیک محمد نامی لیویز اہلکار موقع پر جاں بحق ہوا، جب کہ مقصود احمد نامی لیویز اہلکار کو زخمی حالت میں نواب غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا، تاہم وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔