اسلام آباد15جولائی (یو این آئی) پاکستان میں جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مانسون کی بارشوں سے اب تک 110 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں درجنوں بچے بھی شامل ہیں۔ ڈان میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق آفات سے نمٹنے والے قومی ادارے (این ڈی ایم اے ) کے 26 جون سے 14 جولائی تک کے اعداد و شمار کے مطابق اموات کی سب سے بڑی وجہ کرنٹ لگنے کے واقعات رہے ، اس کے بعد اچانک آنے والے سیلاب دوسرے نمبر پر رہے ۔جون کے آخر میں، کم از کم 13 سیاح اس وقت سیلابی ریلے میں بہہ کر ہلاک ہو گئے ، جب وہ بلند دریا کے کنارے پر بارش سے بچنے کے لیے پناہ لیے ہوئے تھے ۔این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق حالیہ مانسون سیزن میں اب تک 111 افراد ہلاک ہوئے جن میں 53 بچے شامل ہیں، سب سے زیادہ اموات پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں ہوئیں۔دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں مزید شدید بارشوں کی پیش قیاسی کی ہے جن سے شہری سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بنیادی ڈھانچے کو تیز ہواؤں کے باعث نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔مانسون کا موسم جنوبی ایشیا میں سالانہ 70 سے 80 فیصد بارش لاتا ہے ، جو ہندوستان میں جون کے اوائل میں اور پاکستان میں جون کے آخر میں آتا ہے اور ستمبر تک جاری رہتا ہے ۔جنوبی ایشیا تیزی سے گرم ہو رہا ہے اور حالیہ برسوں میں وہاں موسم کے انداز بدل رہے ہیں، لیکن سائنسدانوں کو ابھی تک پوری طرح علم نہیں کہ کس طرح ایک گرم ہوتا ہوا سیارہ اس پیچیدہ موسمی نظام کو متاثر کر رہا ہے ۔